تہران اور دیگر ایرانی صوبوں میں جمعہ کی صبح زور دار دھماکوں کی آوازیں، اسرائیل نے فضائی حملوں کی تصدیق کر دی
جمعہ کی صبح ایران کے دارالحکومت تہران اور ملک کے دیگر کئی صوبوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس نے ایران بھر میں فضائی حملے کیے ہیں۔
سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، شہداء میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی حملے میں جمعہ کی صبح تہران کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ سرکاری خبر رساں ادارے IRNA نے تصدیق کی کہ دارالحکومت کے کئی علاقوں میں عمارتیں حملوں کا ہدف بنیں۔
رپورٹ کے مطابق، اسرائیل نے نطنز، خرم آباد، خنداب اور دیگر مقامات پر بھی حملے کیے ہیں۔
ایرانی سرکاری ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام جمعہ کی صبح پوری صلاحیت کے ساتھ فعال کر دیا گیا۔
"ایران کا فضائی دفاعی نظام مکمل آپریشنل حالت میں ہے،” تاہم یہ بھی کہا گیا کہ دھماکوں کی اصل وجہ کی تحقیقات جاری ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ "ایران پر یہ کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک یہ خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتا۔”
اسرائیلی فوج کے سربراہ جنرل ایال زامیر نے کہا کہ جمعہ کے حملے "مکمل کامیابی” حاصل نہیں کر سکتے اور خبردار کیا کہ ایران کی جانب سے جوابی کارروائی ممکن ہے، جس کے نتائج اسرائیلی عوام کے لیے غیر متوقع ہو سکتے ہیں۔
اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاتز نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے خلاف جنگ میں ایک "نازک موڑ” پر کھڑا ہے۔

