دانشگاه (نیوز ڈیسک) – مشرق وسطیٰ : اسرائیل کے وزیر برائے عسکری امور، اسرائیل کاٹس نے فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ شمالی افریقی ممالک سے آنے والے امدادی قافلے کو محصور غزہ میں داخل ہونے سے روکے۔
بدھ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کاٹس کے دفتر نے اسرائیلی فوج کو ہدایت دی کہ وہ ان مظاہرین کو مصر سے غزہ داخل ہونے سے ہر صورت روکیں۔
اسرائیلی وزیر نے کہا، ’’میں توقع کرتا ہوں کہ مصری حکام انہیں مصر-غزہ سرحد تک پہنچنے سے روکیں گے اور اشتعال انگیزی یا غزہ میں داخل ہونے کی کوششوں کی اجازت نہیں دیں گے۔‘‘
یہ قافلہ رواں ہفتے کے اوائل میں تیونس کے دارالحکومت سے 100 گاڑیوں پر مشتمل کارواں کی صورت میں روانہ ہوا، جس کا مقصد غزہ میں انسانی بحران سے متعلق عالمی شعور بیدار کرنا اور زندگی بچانے والی امداد پہنچانا ہے۔
اس زمینی قافلے میں مراکش، الجزائر، تیونس، لیبیا اور مصر کے ہزاروں رضاکار شامل ہیں جو اسرائیل کی نسل کش جنگ کے خاتمے، محاصرے کو توڑنے اور انسانی امداد فراہم کرنے کے مطالبے کے ساتھ غزہ کی جانب گامزن ہیں۔
قافلے میں یونین رہنما، سیاسی شخصیات، انسانی حقوق کے کارکن، کھلاڑی، وکلاء، ڈاکٹرز، صحافی اور نوجوانوں کی تنظیموں کے ارکان شامل ہیں۔
توقع ہے کہ یہ کارکن جمعرات کو مصر میں داخل ہوں گے اور جنوبی غزہ کے سرحدی شہر رفح پہنچیں گے۔
یاد رہے کہ پیر کے روز اسرائیلی افواج نے ایک امدادی کشتی پر قبضہ کر لیا تھا جو غزہ کا محاصرہ توڑنے کی کوشش کر رہی تھی۔ اس کے عملے میں شامل 12 افراد، بشمول معروف کارکن گریٹا تھنبرگ، کو حراست میں لے لیا گیا۔
گزشتہ برسوں میں کئی جہاز اسرائیل کے زمینی، سمندری اور بحری محاصرے کو توڑنے کی کوشش کر چکے ہیں لیکن اسرائیلی افواج کی جانب سے انہیں بارہا پیچھے دھکیل دیا گیا۔
2010 میں "ماوی مرمرہ” قافلے پر اسرائیلی افواج نے حملہ کر کے دس کارکنوں کو شہید کر دیا تھا۔
مئی میں "فریڈم فلوٹیلا کوالیشن” کی جانب سے روانہ ہونے والا "ضمیر” نامی جہاز بھی غزہ نہ پہنچ سکا کیونکہ مالٹا کے پانیوں کے قریب اسے دو ڈرون حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔
اقوام متحدہ کے مطابق، غزہ اس وقت دنیا کا ’’بھوک سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ‘‘ بن چکا ہے، جہاں تقریباً پانچ لاکھ افراد شدید بھوک، غذائی قلت، بیماریوں اور موت کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔
اکتوبر 2023 سے اب تک، فلسطینی حکام کے مطابق، اسرائیلی حملوں میں 54 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 28 ہزار سے زائد خواتین اور بچیاں شامل ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف جنگی ہتھیار کے طور پر بھوک کو استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

