منگل, فروری 17, 2026
ہومپاکستانخیبرپختونخوا خود کفیل، وفاق کو قرض دینے کو تیار: وزیراعلیٰ

خیبرپختونخوا خود کفیل، وفاق کو قرض دینے کو تیار: وزیراعلیٰ
خ

خیبرپختونخوا اپنے وسائل پر خود کفیل، وفاق کو قرض دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور

دانشگاه (نیوز ڈیسک): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ اپنی مالی خودمختاری کی جانب کامیابی سے گامزن ہے اور اب اس حد تک مستحکم ہوچکا ہے کہ وفاق کو بھی قرض دینے کی پوزیشن میں آ چکا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے لیے ایک ٹیکس فری بجٹ تیار کیا جا رہا ہے، جس میں عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے گی اور نئے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاسود قرضوں کی فراہمی کے جاری منصوبوں میں وسعت لائی جائے گی تاکہ عوام کو خود کفالت کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت انسانی ترقی پر دوبارہ توجہ مرکوز کر رہی ہے اور ایسے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں جن سے صوبے کی معیشت کو تقویت ملے گی اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔ ان کے بقول، تعلیم کا شعبہ بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں ’تعلیمی ایمرجنسی‘ نافذ کی جائے گی تاکہ نہ صرف شرحِ داخلہ بہتر بنائی جا سکے بلکہ تعلیمی معیار کو بھی بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

علی امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ محض ڈگری کا حصول کافی نہیں، اصل ہدف ڈگری کی وقعت میں اضافہ اور معیاری تعلیم کی فراہمی ہے۔ صحت، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں بھی جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات کیے جائیں گے، جب کہ سوات سمیت دیگر موٹروے منصوبے بھی ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ معاشی بحران کے تناظر میں تمام صوبوں کو عمران خان کے وژن کے مطابق اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے خود کفالت کی راہ اختیار کرنا ہوگی، کیونکہ ان کے بقول "مقروض اقوام نہ خود مختار ہو سکتی ہیں اور نہ ہی باوقار۔”

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے گزشتہ برس کے دوران 50 ارب روپے تک کے قرضے ادا کیے ہیں اور اس دوران مزید کوئی قرض نہیں لیا گیا، جب کہ اس وقت صوبائی حکومت کے اکاؤنٹس میں 150 ارب روپے قرضوں کی ادائیگی کے لیے محفوظ ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے نیشنل فنانس کمیشن (NFC) ایوارڈ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 15 برس سے این ایف سی کا نیا ایوارڈ جاری نہیں ہوا، جس کے باعث ضم شدہ اضلاع کا حصہ صوبے کو نہیں مل رہا۔ تاہم ان کے مطابق، آئندہ این ایف سی ایوارڈ اگست میں متوقع ہے جس میں خیبرپختونخوا کو اس کا آئینی حق ملنے کی امید ہے۔

افغانستان سے متعلق پالیسی پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مؤقف روزِ اول سے مذاکرات پر مبنی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے مذاکراتی عمل میں صوبائی حکومت اور قبائلی مشران کو بھی شامل کیا جائے تاکہ پائیدار حل ممکن بنایا جا سکے۔

عمران خان کی رہائی کے سوال پر علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا کہ عدلیہ مکمل طور پر آزاد نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر کوئی قابلِ ذکر مقدمہ موجود نہیں، تاہم عدالتی فیصلے شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تحریک انصاف ملک گیر تحریک کا آغاز کرے گی تاکہ عدلیہ کو آزادی سے فیصلے کرنے کی حمایت دی جا سکے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین