منگل, فروری 17, 2026
ہومبین الاقوامیپاک چین رہنماؤں کی ملاقات، امن کیلئے مشترکہ تعاون کا فیصلہ

پاک چین رہنماؤں کی ملاقات، امن کیلئے مشترکہ تعاون کا فیصلہ
پ

اقوام متحدہ: اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے، سفیر فو کانگ، نے پیر کے روز سابق وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی کی بدلتی صورتحال، بھارت کی حالیہ جارحیت، اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی مشن برائے اقوام متحدہ کے اعلامیے کے مطابق، بلاول بھٹو زرداری، جو ایک اعلیٰ سطحی نو رکنی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، نے بھارتی اشتعال انگیزی کے دوران چین کی غیر مشروط حمایت پر پاکستانی عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے 22 اپریل 2025 کے پہلگام حملے کے بعد کی پیش رفت اور بھارت کے جارحانہ رویے کے جواب میں پاکستان کے سنجیدہ اور محتاط مؤقف سے چینی نمائندے کو آگاہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے پاکستان کی آزاد، غیر جانبدار اور قابل اعتماد تحقیقات کی پیشکش کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے اور چین سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کثیرالجہتی تعاون اور سفارتی اقدامات کے ذریعے مسئلے کے حل میں فعال کردار ادا کرے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے بین الاقوامی برادری کو محض تنازعات کے نظم و نسق سے آگے بڑھتے ہوئے ان کے پائیدار حل کی جانب منتقل ہونا چاہیے۔

وفد نے بھارت کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر بلاجواز حملوں، جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانے، پاکستان میں دہشت گردی کی مالی معاونت اور حمایت میں ملوث ہونے، اور 1960ء کے سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے جیسے اشتعال انگیز فیصلے پر بھی روشنی ڈالی، جسے پانی کو ہتھیار بنانے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف قرار دیا گیا۔

رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جارحانہ طرز عمل اور یکطرفہ اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں اور ان کی بھرپور مخالفت ہونی چاہیے۔ دونوں نے باہمی تنازعات کے پرامن حل، کثیرالطرفہ تعاون، اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری، معاہدوں کے تقدس کے تحفظ، اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین