پاکستان کی معیشت نے بھارتی جارحیت کے باوجود استحکام اور ترقی کی راہیں اپنائی ہیں، جہاں مختلف ممالک سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے جو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق، چین نے توانائی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور صنعتی شعبوں میں مجموعی طور پر ایک ارب دو کروڑ اسی لاکھ ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی ہے، جو معیشت کی مضبوطی کی علامت ہے۔ اس کے علاوہ، امریکی اور برطانوی سرمایہ کاروں نے بھی پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بالترتیب گیارہ کروڑ دس لاکھ اور اکیس کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
یہ سرمایہ کاری ملکی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری ملک کی اقتصادی ترقی کو فروغ دے رہی ہے۔
معروف ہے کہ آپریشن بنیان المرصوص میں پاکستان کی تاریخی فتح کے بعد بھارت نے عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مہم شروع کی تھی، مگر سفارتی محاذ پر بھارت کو سخت ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود پاکستان کی معیشت مضبوط رہی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ اس بات کی دلیل ہے کہ ملکی معیشت پر بیرونی حملے کوئی اثر نہ ڈال سکے۔

