اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی امداد (او سی ایچ اے) نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل تقریباً مکمل طور پر روک چکا ہے، اور اس وقت صورتحال یہ ہے کہ تیار شدہ خوراک تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔ ترجمان نے غزہ کو "زمین کا سب سے بھوکا علاقہ” قرار دیا ہے۔
او سی ایچ اے کے ترجمان ینس لارکے نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 900 امدادی ٹرکوں میں سے صرف 600 کو اسرائیلی سرحدی باڑ تک پہنچنے کی اجازت دی گئی، تاہم وہاں سے غزہ میں داخلے کے لیے مختلف بیوروکریٹک اور سیکیورٹی رکاوٹوں کے باعث امداد کو محفوظ طریقے سے پہنچانا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔
"ہم جو کچھ اندر لا سکے ہیں وہ صرف آٹا ہے،” انہوں نے بتایا۔ "یہ کھانے کے لیے تیار نہیں ہوتا، اسے پکانا پڑتا ہے… اور اس وقت غزہ کی 100 فیصد آبادی قحط کے خطرے سے دوچار ہے۔”

