اسلام آباد:
وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے جمعرات کو سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن (CAREC) کے رکن ممالک کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) کے ساتھ اپنی ویلیو چینز کو مربوط کریں اور چین، آسیان اور مشرق وسطیٰ کے ساتھ پاکستان کے ترجیحی تجارتی معاہدوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سرحد پار صنعتی کلسٹرز کے مواقع تلاش کریں۔
یہ دعوت انہوں نے سُرگودھا یونیورسٹی کے اشتراک سے ہونے والی پانچویں سالانہ CAREC انسٹیٹیوٹ ریسرچ کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں دی، جس کا موضوع تھا "CAREC کنیکٹیویٹی: تجارت اور تجارتی سہولت کاری کو فروغ دینا۔”
وزیر نے کہا کہ "آج CAREC ممالک (چین کو چھوڑ کر) کے درمیان اندرونی علاقائی تجارت کل تجارت کا صرف 7 فیصد ہے، جبکہ آسیان بلاک کے رکن ممالک کے درمیان یہ تناسب 22 فیصد سے زائد ہے۔”
وزیر احسن اقبال نے کہا کہ CAREC خطہ تقریباً دو ارب کی آبادی اور وسیع توانائی، معدنیات اور ہنر کے ذخائر کے ساتھ بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اجتماعی کوششوں کے تحت ایک متحدہ ترقیاتی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر نے نئی ترقیاتی وژن "اُڑان پاکستان” کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ حکمت عملی پانچ اسٹریٹجک ستونوں پر مبنی ہے جن میں برآمدات، مساوات و بااختیاری، ای-پاکستان، ماحولیات، توانائی اور بنیادی ڈھانچہ شامل ہیں۔ یہ حکمت عملی علاقائی عزائم سے الگ نہیں بلکہ CAREC وژن 2030 کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہائی ویلیو برآمدات جیسے آئی ٹی، حلال خوراک اور انجینئرنگ مصنوعات کو بڑھا رہا ہے۔ مثال کے طور پر، پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 3.5 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہیں اور سالانہ 20 فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہیں، جس سے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں کے ذریعے بااختیار بنایا جا رہا ہے۔

