پیر, فروری 16, 2026
ہومبین الاقوامیمودی کی اشتعال انگیزی: پاکستانی عوام کو دھمکی، سنگین الزامات عائد

مودی کی اشتعال انگیزی: پاکستانی عوام کو دھمکی، سنگین الزامات عائد
م

نئی دہلی/گجرات: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز اور نفرت آمیز بیان دیتے ہوئے نہ صرف سنگین الزامات عائد کیے بلکہ پاکستانی عوام کو دھمکی آمیز الفاظ میں مخاطب کیا۔ گجرات کے دورے کے دوران ایک عوامی جلسے سے خطاب میں مودی نے کہا، "پاکستانی عوام سکھ چین کی زندگی جیو، روٹی کھاؤ، ورنہ میری گولی تو ہے ہی۔”

بھارتی خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ کے مطابق، مودی نے ریاست گجرات کے علاقے بھوج میں ترقیاتی منصوبوں کے اعلان کے دوران خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پاکستان نے دہشتگردی کو سیاحت بنا لیا ہے، اور یہ ذہنیت عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سیاحت کو گلے لگاتا ہے جبکہ پاکستان دہشتگردی کو فروغ دیتا ہے۔

وزیراعظم مودی نے الزام لگایا کہ دہشتگردی پاکستانی حکومت اور فوج کے لیے آمدن کا ذریعہ بن چکی ہے، اور پاکستانی عوام کو چاہیے کہ وہ اس کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت کی حالیہ فوجی کارروائی، ’آپریشن سندور‘، پہلگام حملے کا براہِ راست جواب تھا، اور اگر بھارت کو دوبارہ اُکسایا گیا تو دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر کاروائی کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔

مودی کے ان بیانات کو پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی اور سیاسی فائدے کے لیے نفرت پر مبنی مہم کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم اندرونی سطح پر اپنی ناکامیوں، خصوصاً حالیہ جنگ میں شکست، پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان مخالف بیان بازی کا سہارا لے رہے ہیں۔

مودی ماضی میں بھی دھمکی دے چکے ہیں کہ بھارت اپنے دریاؤں سے پاکستان کو ایک بوند پانی بھی نہیں دے گا، جس پر پاکستان نے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا تھا کہ پانی ہماری 24 کروڑ عوام کی لائف لائن ہے، اور اس نوعیت کا کوئی بھی اقدام جنگ کے مترادف سمجھا جائے گا۔

سفارتی و تجزیاتی حلقوں نے مودی کے تازہ بیانات کو علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کی اشتعال انگیزی کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین