اسلام آباد — ایک عالمی ڈیٹا لیک واقعے میں گوگل، فیس بک، ایپل سمیت متعدد بڑی کمپنیوں کے صارفین کے اکاؤنٹس کے پاس ورڈز اور حساس معلومات چوری ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے، جس سے پاکستانی صارفین بھی متاثر ہوئے ہیں۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ) نے اس حوالے سے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ اور مختلف حکومتی پورٹلز کی معلومات بھی میلویئر حملے کے نتیجے میں چوری ہوئی ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق، انفوسٹیلر نامی میلویئر کے ذریعے صارفین کے اکاؤنٹس کی معلومات ہیکرز نے چرا کر غیر قانونی طور پر ڈیٹا بیس میں محفوظ کی ہیں۔ پاکستانی صارفین کو فوری طور پر اپنے اکاؤنٹس کے پاس ورڈز تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
مزید یہ کہ نیشنل سرٹ نے خبردار کیا ہے کہ سرکاری ادارے اور مالیاتی اکاؤنٹس بھی اس سائبر حملے سے متاثر ہو سکتے ہیں، جس سے قومی ڈیجیٹل نظام کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس میں دو مرحلہ جاتی توثیق (Two-Factor Authentication) کا عمل فعال کریں اور غیر معمولی لاگ ان سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھیں۔
ادارہ نے صارفین کو پاس ورڈ مینیجر کے استعمال کی بھی سفارش کی ہے تاکہ محفوظ اور پیچیدہ پاس ورڈز کو منظم کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں، تنظیموں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ صارفین کو فوری طور پر آگاہ کریں تاکہ بروقت حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔
نیشنل سرٹ کی ایڈوائزری میں صارفین کو جدید اینٹی وائرس اور سیکیورٹی سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے تاکہ ممکنہ حملوں سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔
اگر فوری طور پر حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو اس واقعے کے نتیجے میں پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو سنگین نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

