پیر, فروری 16, 2026
ہومبین الاقوامیغزہ کا 77٪ قبضے میں، اقوام متحدہ سے نسل کشی روکنے کی...

غزہ کا 77٪ قبضے میں، اقوام متحدہ سے نسل کشی روکنے کی اپیل
غ

غزہ: اسرائیلی افواج نے غزہ کی پٹی کے 77 فیصد علاقے پر مؤثر کنٹرول حاصل کر لیا ہے، جسے مقامی حکام نے جاری نسل کشی اور نسلی تطہیر کا تسلسل قرار دیا ہے۔ غزہ کے گورنمنٹ میڈیا آفس نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

اتوار کی صبح سے اسرائیلی بمباری میں کم از کم 22 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں معروف صحافی حسن مجدی ابو وردہ اور ان کے کئی اہل خانہ بھی شامل ہیں۔ تازہ حملوں میں شہری آبادی، بچوں اور طبی عملے کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

غزہ میں انسانی بحران مسلسل سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ اگرچہ اسرائیل کی جانب سے بدھ کے بعد سے اب تک 100 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم یہ مقدار دو ملین متاثرہ افراد کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے، جو قحط جیسے حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 53,939 فلسطینی شہید اور 122,797 زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ گورنمنٹ میڈیا آفس نے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 61,700 سے زائد بتائی ہے، جس میں وہ ہزاروں افراد بھی شامل ہیں جو ملبے تلے دب کر لاپتہ ہو چکے ہیں اور مردہ تصور کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملوں میں اسرائیل میں 1,139 افراد ہلاک اور 200 سے زائد افراد یرغمال بنائے گئے تھے، جس کے بعد سے اسرائیل نے غزہ پر مکمل جنگ مسلط کر رکھی ہے۔

غزہ کی صورت حال پر عالمی اداروں اور انسانی حقوق کے ماہرین کی خاموشی پر سوالات اٹھ رہے ہیں، جب کہ متاثرہ علاقوں میں خوراک، دوا اور پناہ گاہوں کی شدید قلت برقرار ہے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین