پیر, اپریل 6, 2026
ہومبین الاقوامیغزہ کے لیے یمن کی لاکھوں افراد پر مشتمل ریلیاں: "ثابت قدم...

غزہ کے لیے یمن کی لاکھوں افراد پر مشتمل ریلیاں: "ثابت قدم رہیں گے، فتح تک”
غ

صنعا:

یمن کے دارالحکومت صنعا میں غزہ کے حق میں ایک بار پھر لاکھوں افراد کی فقیدالمثال انسانی ریلیاں نکالی گئیں، جنہوں نے فلسطینی کاز سے یمن کی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا۔ مظاہروں کا مرکزی نعرہ تھا: "غزہ کے ساتھ ثابت قدم… نسل کشی اور بھوک کے خلاف ہم شدت بڑھائیں گے۔”

اس ہفتے کی عوامی تحریک انقلاب کے رہنما، سید عبدالملک الحوثی کی اپیل پر عمل میں لائی گئی، جس میں ریکارڈ توڑ عوامی شرکت دیکھی گئی۔ دارالحکومت کے بڑے میدان بھی اس جم غفیر کو سمو نہ سکے اور ریلیاں اطراف کی سڑکوں تک پھیل گئیں۔

مظاہرین نے یمنی اور فلسطینی پرچموں کے ساتھ امریکی پالیسیوں کے خلاف بینرز اور آزادی کے نعرے بلند کیے۔ غزہ پر صیہونی جارحیت، قتل عام اور محاصرے کی شدید مذمت کی گئی، اور فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

عرب دنیا کی شرمناک خاموشی پر تنقید

ریلیوں میں شریک افراد نے فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی اور قحط مہم پر عرب ممالک کی خاموشی اور بے عملی کو شرمناک قرار دیا۔

مشترکہ اعلامیہ:

ملی مظاہروں کے مشترکہ اعلامیے میں فلسطینی عوام کی حمایت میں یمن کے ثابت قدم، باوقار اور غیر مشروط مؤقف کو دہرایا گیا۔ اعلامیے میں یمنی قیادت کو مکمل اختیار دیا گیا کہ وہ صیہونی دشمن کے خلاف جو بھی فیصلے، اقدامات یا عسکری کارروائیاں کریں، عوام ان کی پشت پر ہیں۔

اعلامیے میں غزہ پر صیہونی مظالم، قتل و غارت اور تباہی کو "جدید تاریخ کی بدترین نسل کشی” قرار دیا گیا، جس میں نہ صرف انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں بلکہ زندگی کی تمام بنیادی ضروریات — پانی، بجلی، صحت، رہائش — بھی منظم طور پر تباہ کی جا رہی ہیں۔ اس ظلم پر اسلامی اور عالمی برادری کی مجرمانہ بے حسی کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا:

"ہم، یمن کے مسلمان عوام، اس دورِ تاریک اور انسانی تاریخ کے سیاہ باب کا حصہ بننے سے انکار کرتے ہیں۔ ہم فلسطینی کاز کی حمایت سے نہ پیچھے ہٹیں گے نہ کبھی پیچھے ہٹے ہیں، اور فتح تک ثابت قدم رہیں گے۔”

اعلامیے میں امت مسلمہ کے عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ خاموشی کا طوق اتار پھینکیں، عملاً مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اُٹھ کھڑے ہوں، اور بے حسی و جمود کے اس داغ کو عملی اقدامات سے دھو ڈالیں۔ ورنہ، اعلامیے کے مطابق، اللہ کا عذاب دنیا و آخرت میں ان بزدلوں اور سازشیوں کا مقدر بنے گا۔

مسلح افواج کی کارروائیوں کی مکمل حمایت

اعلامیے میں یمنی مسلح افواج کی جانب سے صیہونی دشمن کے خلاف کی جانے والی عسکری کارروائیوں پر مکمل فخر اور حمایت کا اعلان کیا گیا، جن سے دشمن کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ ساتھ ہی اس بات پر زور دیا گیا کہ ایسی کارروائیوں میں مزید شدت لائی جائے تاکہ اسرائیلی جارحیت رکے، غزہ کا محاصرہ ختم ہو، اور فلسطین و مسجد اقصیٰ کی آزادی کا راستہ ہموار ہو۔

اعلامیے میں غزہ کے عوام کی قربانی، صبر اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امت کو ان سے سبق سیکھنے کی تلقین کی گئی۔ بیان میں کہا گیا:

"غزہ، بدترین حالات میں بھی ہتھیار ڈالنے سے انکار کر رہا ہے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنا رہا ہے۔”

یہ امر قابل ذکر ہے کہ جمعہ کے روز صبح اور سہ پہر، صنعا اور 14 آزاد شدہ صوبوں کی درجنوں مرکزی شاہراہوں اور میدانوں میں لاکھوں یمنی عوام نے حسب روایت فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیوں میں شرکت کی، جو گزشتہ اکتوبر سے جاری اسرائیلی نسل کشی کے خلاف احتجاج کی علامت بن چکی ہیں۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین