بیجنگ کا یورپی یونین اور اتحادیوں پر روس سے متعلق پابندیوں میں ‘دوہرے معیار’ کا الزام
چین نے یورپی یونین اور اس کے اتحادیوں پر روس کے خلاف تازہ پابندیوں کے بعد "دوہرے معیار” اپنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان پابندیوں میں اُن چینی کمپنیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جن پر روسی فوجی سپلائی چینز سے منسلک ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
یورپی یونین نے منگل کے روز روس کے خلاف 17ویں پابندیوں کا پیکج منظور کیا، جس کا ہدف روسی خام تیل کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والا مبینہ "شیڈو فلیٹ” (Shadow Fleet) ہے۔ اس کے علاوہ، کئی چینی کمپنیوں کو بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جن پر روس کو ڈرون پرزے اور مائیکرو الیکٹرانکس فراہم کرنے کا الزام ہے۔ برطانیہ نے بھی یورپی یونین سے ہم آہنگ ہو کر اپنی بلیک لسٹ میں مزید 18 بحری جہاز شامل کر دیے۔
ان اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے بدھ کے روز ان الزامات کو مسترد کیا اور یورپی ممالک کو خبردار کیا کہ وہ چین اور روس کے درمیان معمول کی تجارتی سرگرمیوں میں مداخلت نہ کریں۔
ماؤ نِنگ نے کہا:
"یورپ کو روس کے ساتھ تجارت اور اقتصادی تعاون کے معاملے پر دوہرے معیار اپنانا بند کرنا چاہیے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:
"یورپ اور امریکہ سمیت بیشتر ممالک اب بھی ماسکو کے ساتھ تجارت جاری رکھے ہوئے ہیں۔”
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ چین دوہری استعمال (dual-use) والی اشیاء کی برآمدات کو سختی سے کنٹرول کرتا ہے اور یہ دعویٰ کیا کہ بیجنگ نے یوکرین تنازع میں شامل کسی بھی فریق کو مہلک ہتھیار فراہم نہیں کیے۔
نئی پابندیاں ایک ایسے وقت میں عائد کی گئیں جب روسی صدر ولادیمیر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ایک ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں مبینہ طور پر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ مزید پابندیاں یوکرین تنازع کے پرامن حل کی کوششوں کو پیچیدہ بنا سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ روس اور یوکرین کے وفود نے گزشتہ ہفتے پہلی بار 2022 کے بعد دوبارہ ملاقات کی، جب یوکرین نے مبینہ طور پر اُس وقت کے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے مشورے پر مذاکرات ترک کرکے فوجی حکمت عملی اپنائی تھی۔
اسی روز جب یورپی یونین نے نئی پابندیاں منظور کیں، بیجنگ نے ماسکو اور کیف کے درمیان براہ راست مذاکرات کی بحالی کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ چین بحران کے پرامن حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

