امریکی ریاست ایریزونا میں گزشتہ منگل سے جاری جنگلاتی آگ نے اب تک 8,265 ہیکٹر رقبہ جلا کر خاکستر کر دیا ہے، جبکہ خشک موسم اور کم نمی کے باعث حکام نے "ریڈ فلیگ” وارننگ جاری کر دی ہے۔
ایریزونا کے محکمہ جنگلات و آگ پر قابو پانے کے ادارے نے پیر کو ایک بیان میں بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے 700 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور متاثرہ علاقے کا 38 فیصد حصہ اب کنٹرول میں آ چکا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سینکڑوں فائر فائٹرز اس وقت ہوا کے زور سے پھیلنے والی اس آگ سے نبرد آزما ہیں جو قدرتی نباتات جیسے گھاس، جھاڑیاں اور درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ یہ جنگلاتی آگ 13 مئی کو ریاست کے مشرقی علاقے "گریر” میں شروع ہوئی تھی اور اب تک 8,265 ہیکٹر رقبہ جلا چکی ہے۔
"یو ایس اے ٹوڈے” کے مطابق، ایریزونا کی گورنر کیٹی ہابز نے 17 مئی کو آگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد ایمرجنسی کا اعلان کر دیا اور فائر فائٹنگ کی کوششوں کے لیے 200,000 ڈالر کی ریاستی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
حابز نے "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا:
"ہر اُس فائر فائٹر، ایمرجنسی رسپانڈر، اور مقامی عہدیدار کا شکریہ جو دن رات ایک کر کے زندگیاں، گھر اور پوری کمیونٹیز بچانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ایریزونا آپ کا شکر گزار ہے اور ہم آپ کے ساتھ ہیں اس طویل سفر میں جو آگ بجھانے کے لیے درکار ہے۔”

