جنیوا — عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پاکستان کو مستقل اندھے پن کا سبب بننے والی بیماری ٹریکوما کے کامیاب خاتمے پر بین الاقوامی اعزاز سے نوازا ہے۔ یہ ایوارڈ وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کو جنیوا میں 78ویں عالمی صحت اسمبلی کے دوران پیش کیا گیا۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم گیبریسوس نے ٹریکوما کے خاتمے کو پاکستان کی عوامی صحت کے نظام کے لیے ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیر صحت کو باضابطہ سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ مصطفیٰ کمال نے اس کامیابی کو حکومت کے اس عزم کی عکاسی قرار دیا کہ ہر شہری کی بصارت اور فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے۔
ٹریکوما ایک بیکٹیریائی بیماری ہے جو علاج نہ ہونے کی صورت میں ناقابلِ واپسی اندھے پن کا سبب بن سکتی ہے۔ اس کا خاتمہ مربوط پالیسیوں، کمیونٹی اقدامات اور بین الاقوامی شراکت داریوں کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اب پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے بھی اسی جذبے سے کام کرے گا جیسے ٹریکوما کے خلاف کیا گیا۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق، مصطفیٰ کمال اس وقت عالمی صحت اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں پاکستان کی صحت کے شعبے میں پیش رفت اور مستقبل کے اہداف پر روشنی ڈالیں گے، جس میں پولیو کا خاتمہ نمایاں ایجنڈا ہو گا۔

