اہمیت باہمی سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی تعاون پر زور؛ خطے میں امن دشمنوں کے ہاتھ نہ لگنے دینے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد: ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان نے پیر کے روز پاکستان کے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم ملک سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے "ارنا” کے مطابق علی اکبر احمدیان نے کہا کہ ایران کا قریبی ہمسایہ پاکستان کبھی یہ اجازت نہیں دے گا کہ خطے کا امن دشمنوں کی چال بن جائے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں سکیورٹی حکام نے دوطرفہ تعلقات اور خطے سمیت عالمی سطح پر تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ جنرل عاصم ملک نے خطے میں ایران کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے تمام شعبوں میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اظہار کیا۔
ایرانی عہدیدار نے سرحدی سکیورٹی اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کے ضمن میں تہران اور اسلام آباد کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مابین تعاون نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے لیے سودمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دشمنوں کو خطے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
گفتگو کے دوران احمدیان نے عاصم ملک کو پاکستان کا مشیر قومی سلامتی مقرر ہونے پر مبارکباد بھی دی۔

