پیر, فروری 16, 2026
ہومبین الاقوامیغزہ میں نسل کشی شدت اختیار کرگئی، 150 شہید، ہسپتال بند

غزہ میں نسل کشی شدت اختیار کرگئی، 150 شہید، ہسپتال بند
غ

غزہ میں انسانی بحران خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، جہاں اسرائیلی افواج کی شمالی اور جنوبی علاقوں میں زمینی و فضائی جارحیت جاری ہے، اور صرف 24 گھنٹوں میں 150 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

غزہ کی سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے المیادین کو بتایا کہ صورتحال ’’قیامت خیز‘‘ ہے۔ ان کے مطابق شہادتوں کی بڑی تعداد شمالی علاقوں میں ہوئی ہے، جہاں پہلے ہی بے گھر افراد اور تباہ شدہ انفرااسٹرکچر کی صورتحال سنگین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ڈرونز نے براہ راست بے گھر شہریوں کو نشانہ بنایا، جس سے بحران مزید شدید ہوگیا۔

ایمبولینس سروس تباہی کے دہانے پر

بصل کا کہنا ہے کہ ایندھن کی شدید قلت کے باعث 75 فیصد ایمبولینس گاڑیاں ناکارہ ہو چکی ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد کو ہنگامی طبی امداد تک رسائی حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’بھوک سے مارنے کی پالیسی‘‘ جاری ہے، اور ہزاروں شہریوں کو ایک وقت کی روٹی تک میسر نہیں۔

تین گھنٹوں میں تین قتل عام، شہادتوں میں مزید اضافے کا خدشہ

المیادین کے نمائندے کے مطابق، صرف چند گھنٹوں میں اسرائیلی افواج کی تین علیحدہ کارروائیوں میں کم از کم 150 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی فورسز غزہ شہر کے اسپتالوں کو براہ راست نشانہ بنا رہی ہیں، جو کہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

شمالی غزہ کے تمام اسپتال بند، صحت کا نظام مکمل طور پر مفلوج

غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ بیت لاہیا کا انڈونیشین اسپتال اسرائیلی محاصرے اور مسلسل گولہ باری کے باعث مکمل طور پر بند ہو چکا ہے۔ یہ شمالی غزہ کے تمام عوامی اسپتالوں کی بندش کا آخری مرحلہ ثابت ہوا، جس کے بعد پورے شمالی علاقے میں صحت کا نظام مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔

اس سے قبل بیت حانون اور کمال عدوان اسپتال بھی بند کیے جا چکے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق انڈونیشین اسپتال کو جانے والے راستے بند کیے گئے، عملے اور مریضوں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے اسپتال کی فعالیت ناممکن ہو گئی۔

اتوار کے روز اسرائیلی فوج نے انڈونیشین اسپتال کو گھیرے میں لے لیا اور وہاں حرکت کرنے والے ہر شخص پر براہ راست فائرنگ کی۔

فضائی حملے، گھروں کی تباہی اور نقل مکانی

بییت لاہیا کی المنشیہ اسٹریٹ پر ایک فضائی حملے میں ایک خاتون شہید اور دیگر زخمی ہوئیں، جب کہ جبالیہ کے الفالوجہ علاقے میں ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا گیا۔ شمالی غزہ میں شدید بمباری کے باعث عوام کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی جاری ہے۔

ادھر جنوبی غزہ میں خان یونس کے جنوب مشرقی علاقے الفُخاری میں ایک فلسطینی شہید ہوا۔

یہ تمام واقعات ایسے وقت میں پیش آئے جب اسرائیلی افواج نے شمالی اور جنوبی غزہ میں بیک وقت زمینی کارروائی کے آغاز کا اعلان کیا، جس سے پہلے سے موجود انسانی المیہ مزید سنگین ہو گیا ہے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین