پیر, فروری 16, 2026
ہومبین الاقوامیسابق ایف بی آئی سربراہ پر ٹرمپ کے قتل کی ترغیب دینے...

سابق ایف بی آئی سربراہ پر ٹرمپ کے قتل کی ترغیب دینے کا الزام
س

واشنگٹن: سابق ایف بی آئی ڈائریکٹر جیمز کومی کو جمعرات کے روز انسٹاگرام پر ایک مبہم تصویر پوسٹ کرنے کے بعد شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جسے بعض مبصرین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی بالواسطہ ترغیب کے طور پر تعبیر کیا ہے۔

یہ تصویر، جو جمعرات کو پوسٹ کی گئی، میں سیپیوں سے "86 47” کی ترتیب دکھائی گئی تھی، اور اس کے ساتھ کیپشن درج تھا: "ساحل پر چہل قدمی کے دوران ایک خوبصورت سیپیوں کی تشکیل”۔

اعداد "86” کو عام طور پر کسی چیز یا فرد سے جان چھڑانے کے مترادف سمجھا جاتا ہے، جبکہ "47” کو ٹرمپ کی طرف اشارہ سمجھا گیا ہے، جو امریکہ کے 47ویں صدر منتخب ہوئے ہیں۔

یہ تصویر جلد ہی وائرل ہوگئی، جس پر ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ردعمل دیا:

"بدنام سابق ایف بی آئی ڈائریکٹر جیمز کومی نے ابھی ابھی @POTUS ٹرمپ کے قتل کی ترغیب دی ہے۔”

کومی نے اگرچہ یہ تصویر کچھ دیر بعد حذف کر دی، مگر تب تک وہ سوشل میڈیا پر پھیل چکی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایکس پر لکھا:

"جیمز کومی بس یونہی غیر رسمی انداز میں میرے والد کے قتل کی ترغیب دے رہا ہے۔ یہی ہیں جنہیں ڈیموکریٹ میڈیا پوجتا ہے۔ ذہنی مریض!!!!”

ٹرمپ کے سابق نائب چیف آف اسٹاف ڈین اسکیوینو نے بھی الزام عائد کیا کہ کومی دانستہ طور پر تشدد کی ترغیب دے رہے ہیں:

"وہ چاہے دعویٰ کرے کہ وہ ’86 47‘ کے مطلب سے لاعلم ہے، لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ سابق بدنام ایف بی آئی ڈائریکٹر جانتا ہے کہ وہ کیا کر رہا ہے — یہ بد نیت عناصر یا دہشت گردوں کے لیے ایک اشارہ ہے کہ وہ بین الاقوامی دورے کے دوران صدر کو نشانہ بنائیں۔ اسے بچنے نہ دیں!!”

کومی نے انسٹاگرام پر جاری ایک وضاحتی بیان میں تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا:

"میں نے ساحل پر چہل قدمی کے دوران سیپیوں کی ایک تصویر پوسٹ کی تھی، جو مجھے سیاسی پیغام جیسی محسوس ہوئی۔ مجھے معلوم نہیں تھا کہ کچھ لوگ ان نمبروں کو تشدد سے جوڑتے ہیں۔ میرے ذہن میں ایسا کچھ نہیں تھا، اور میں ہر قسم کے تشدد کی مخالفت کرتا ہوں، اسی لیے میں نے وہ پوسٹ ہٹا دی۔”

یہ تنازع ایک بار پھر سیاسی کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے، جہاں ٹرمپ کے حامی اس تصویر کو براہِ راست دھمکی کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جبکہ کچھ حلقے اسے غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی بات کر رہے ہیں۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین