نادرا کا نظام ملک بھر میں سول رجسٹریشن میں انقلابی تبدیلی لائے گا
کراچی:
قومی ڈیٹا بیس اور رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک بھر کے اسپتالوں اور صحت کے مراکز میں پیدائش اور اموات کی رجسٹریشن کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق، سول رجسٹریشن کے نظام کو جدید بنانے کے لیے نادرا اور صوبائی حکومتوں کے درمیان معاہدے طے پا گئے ہیں۔ اس سلسلے میں کراچی میں ایک باقاعدہ دستخطی تقریب منعقد ہوئی جس میں سندھ کے سیکریٹری صحت، سیکریٹری بلدیات اور نادرا سندھ کے ڈائریکٹر جنرل احتشام شاہد نے معاہدے پر دستخط کیے۔ سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ نادرا زندگی کے اہم واقعات کے اندراج کے نظام کو جدید بنانے پر کام کر رہا ہے۔ اس نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت، پیدائش اور اموات کی معلومات براہِ راست اسپتالوں اور صحت کے مراکز سے حاصل کی جائیں گی، جس سے اعداد و شمار کو قومی شہری ڈیٹا بیس میں بروقت، درست اور جامع انداز میں شامل کیا جا سکے گا۔
یہ اقدام "اُڑان پاکستان” پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد ٹیکنالوجی کے ذریعے اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ جمع شدہ ڈیٹا ڈیجیٹل شناختی خدمات اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ جیسے منصوبوں کی بنیاد فراہم کرے گا۔
نادرا عالمی بینک کے تعاون سے "ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ” کو بھی آگے بڑھا رہا ہے، جس میں مختلف قومی اداروں کے ساتھ شراکت داری شامل ہے۔
اسی نوعیت کا ایک اور معاہدہ کوئٹہ میں نادرا اور حکومت بلوچستان کے درمیان بھی طے پایا۔ اس موقع پر بلوچستان کے سیکریٹری صحت، سیکریٹری بلدیات اور نادرا بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل موجود تھے۔

