تینوں ممالک نے علاقائی استحکام اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے پر اتفاق کر لیا
پشاور: پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان ہفتے کو کابل میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس میں علاقائی سلامتی اور معیشت کے مشترکہ مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کی میزبانی افغانستان نے کی، جس میں پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق اور چین کے خصوصی ایلچی یوے شاؤیونگ نے شرکت کی۔
یہ اجلاس سہ فریقی مذاکراتی فریم ورک کا تسلسل تھا، جس کا آغاز 2017 میں کیا گیا تھا، تاکہ تینوں ممالک کے درمیان سیاسی اعتماد، انسداد دہشتگردی میں تعاون اور اقتصادی انضمام کو فروغ دیا جا سکے۔
افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے اجلاس کی صدارت کی۔
پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان، محمد صادق نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ "پاکستان، چین اور افغانستان کے سہ فریقی اجلاس نے سیکیورٹی، معیشت اور علاقائی استحکام پر یکساں نقطہ نظر اپنانے کا موقع فراہم کیا۔”
افغان نیوز ایجنسی آریانا نیوز کے مطابق، تینوں ممالک نے گزشتہ اجلاسوں میں کیے گئے وعدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور مستقبل قریب میں کابل میں وزرائے خارجہ کے چھٹے اجلاس کے انعقاد پر اتفاق کیا۔

