اتوار, فروری 15, 2026
ہومپاکستانآپریشن "بنیان المرصوص" کی کامیابی پر پاکستان آج "یومِ تشکر" منا رہا...

آپریشن "بنیان المرصوص” کی کامیابی پر پاکستان آج "یومِ تشکر” منا رہا ہے
آ


وزیراعظم کا ملک بھر میں اجتماعی دعاؤں اور نوافل کی اپیل

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی فوجی جارحیت کے خلاف پاکستانی ردعمل اور آپریشن "بنیان المرصوص” کی کامیابی کے بعد اتوار کو ملک بھر میں "یومِ تشکر” منانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم کے دفتر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق، اس دن کو منانے کا مقصد پاک فوج کی غیرمعمولی جرأت کو خراجِ تحسین پیش کرنا، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا اور قومی یکجہتی کا اعادہ کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص دشمن کی جارحیت کا مؤثر اور منہ توڑ جواب تھا، جس کے ذریعے پاکستان نے ہر محاذ پر اپنی برتری ثابت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حملے کے باوجود پاکستان نے مکمل دفاعی تیاری اور عزم کے ساتھ اپنی سرحدوں کا تحفظ یقینی بنایا۔

انہوں نے پوری قوم اور علما سے اپیل کی کہ اللہ تعالیٰ کے حضور اجتماعی نوافل اور دعاؤں کا اہتمام کریں، اور شہدا و غازیوں کے درجات کی بلندی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

یہ پیشرفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے کہ پاکستان اور بھارت نے ایک دوسرے کی فوجی تنصیبات پر حملوں کے بعد جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک حالیہ دنوں میں چار روز تک شدید فائرنگ اور میزائل و ڈرون حملوں میں ملوث رہے، جو گزشتہ تین دہائیوں میں سب سے سنگین جھڑپیں تھیں، جن میں درجنوں افراد جان سے گئے۔

امریکی اور دیگر عالمی قوتوں کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان اور بھارت نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کے مطابق دونوں ممالک نے "مکمل اور فوری جنگ بندی” پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی تصدیق کی کہ جنگ بندی کا اطلاق فوری طور پر ہو گا، جبکہ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق یہ عمل شام 5 بجے بھارتی وقت کے مطابق (4:30 بجے پاکستانی وقت) شروع ہو چکا ہے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین