نئی دہلی – ایئر انڈیا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر پاکستان کی فضائی حدود کی بندش ایک سال تک برقرار رہی تو کمپنی کو تقریباً 600 ملین ڈالر (50 ارب بھارتی روپے سے زائد) کا اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ اس سلسلے میں ایئرلائن نے بھارتی وفاقی حکومت سے مالی امداد کی درخواست کی ہے۔
پاکستان نے گزشتہ ہفتے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاحوں پر حملے کے ردعمل میں بھارتی ایئرلائنز پر فضائی حدود بند کر دی تھی، جس کے نتیجے میں بھارتی پروازوں کے روٹس طویل اور ایندھن کی لاگت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ایئر انڈیا نے 27 اپریل کو بھارتی وزارت شہری ہوا بازی کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ایسا ’’سبسڈی ماڈل‘‘ تشکیل دے جو مالی نقصان کے تناسب سے ہو، تاکہ بین الاقوامی پروازوں کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ ممکن ہو سکے۔
خط میں کہا گیا: ’’متاثرہ بین الاقوامی پروازوں کے لیے سبسڈی ایک قابل تصدیق، منصفانہ اور مؤثر حل ہے… اور حالات بہتر ہونے پر اسے ختم بھی کیا جا سکتا ہے۔‘‘

