اسلام آباد – وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے چینی دوا ساز اور میڈیکل ڈیوائس بنانے والی کمپنیوں کو پاکستان میں پیداواری یونٹس قائم کرنے کی دعوت دی ہے۔
منگل کے روز چین کے شہر فنگچینگ گانگ میں منعقدہ "2025 انٹرنیشنل میڈیکل اینڈ انویشن سینٹر (IMIC)” میں خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے پاکستان کے وسیع ہوتے صحت کے شعبے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے حکومتی عزم پر زور دیا۔
انہوں نے اپنی تقریر میں ٹیلی میڈیسن کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کیا اور ایک نئے منصوبے کا اعلان کیا جس کے تحت شہریوں کے میڈیکل ریکارڈز کو ان کے قومی شناختی کارڈز (نادرا) سے منسلک کیا جائے گا، تاکہ بیماریوں کی تشخیص اور علاج کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے۔
مزید برآں، وزیر صحت نے روایتی چینی طب کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے صحت کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل حکومتی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

