کراچی — نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو شناختی معلومات کے تحفظ سے متعلق اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بلا ضرورت شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی نہ کروائیں اور اصل دستاویزات ہمراہ لائیں۔
نادرا کے جاری کردہ ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ شناختی کارڈ، بے فارم یا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے فوٹو کاپی لانا ضروری نہیں ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ بعض جعلساز عناصر مالی مفاد یا انعامات کا لالچ دے کر شہریوں سے ان کی شناختی معلومات اور بایومیٹرک نشانات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جو سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ بطور ضمانت شناختی کارڈ لینا یا دینا قانونی طور پر کسی حیثیت کا حامل نہیں۔ نادرا سینٹرز میں اس حوالے سے واضح ہدایات آویزاں کی گئی ہیں تاکہ عوام محتاط رہیں۔
نادرا نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی شناختی معلومات کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔

