بلوچستان: ضلع ژوب میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ پیما مرکز نے زلزلے کی شدت 4.9 اور اس کی گہرائی 30 کلومیٹر ریکارڈ کی۔
زلزلے کا مرکز ژوب سے 70 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا، جس کے بعد لوگ خوف کے مارے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے 19 اپریل کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ ان شہروں میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، پشاور، مانسہرہ، ہزارہ ڈویژن، سوات، نوشہرہ، مالاکنڈ، لوئر دیر، ایبٹ آباد، شانگلہ، کرک، ہری پور اور دیگر علاقے شامل تھے۔
بین الاقوامی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 69 کلومیٹر تھی، اور یہ سرینگر سے لے کر افغانستان کے شہر جلال آباد تک محسوس کیا گیا۔ یہ ایک ہفتے میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آنے والا دوسرا زلزلہ تھا۔
اس سے قبل 12 اپریل کو بھی اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، چنیوٹ، حسن ابدال، اٹک، میانوالی، اور خیبر پختونخوا کے سوات، بونیر، لوئر دیر، لکی مروت، مالاکنڈ، مہمند، شبقدر، شانگلہ اور دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

