اتوار, فروری 15, 2026
ہومپاکستانپاکستان کرپٹو کونسل اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان معاہدہ

پاکستان کرپٹو کونسل اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان معاہدہ
پ

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں پاکستان کرپٹو کونسل اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کا مقصد پاکستان میں بلاک چین ٹیکنالوجی، اسٹیبل کوائنز کی اپنانے، اور غیر مرکزی مالیاتی نظام کے فروغ میں تیزی لانا ہے۔

ورلڈ لبرٹی فنانشل، جو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت یافتہ ایک غیر مرکزی مالیاتی پلیٹ فارم ہے، نے پاکستان کرپٹو کونسل کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس موقع پر ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد میں شامل زیکری فولک مین، زیکری وٹکوف اور چیس ہیرو نے پاکستان کی اعلیٰ حکومتی قیادت سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں وزیرِ اعظم، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات، اور چیف آف آرمی اسٹاف سمیت اہم شخصیات شامل تھیں۔

اس معاہدے کا مقصد پاکستان میں بلاک چین اور کرپٹو کرنسی کے شعبے میں اہم اقدامات اٹھانا ہے۔ دونوں اداروں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ بلاک چین کی مالیاتی مصنوعات کے لیے ریگولیٹری سینڈ باکسز کا آغاز کیا جائے گا، ساتھ ہی ڈی سینٹرلائزڈ فنانس پروٹوکولز کی حمایت، جائیداد اور اشیاء کی ٹوکنائزیشن، اور اسٹیبل کوائنز کے استعمال کو بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اس معاہدے کے موقع پر اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کرپٹو کی دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت کم وقت میں کرپٹو کی ترقی میں قابلِ ذکر پیش رفت کی ہے اور اب اس کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع ہیں۔

اس موقع پر وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر بلال بن ثاقب نے بھی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے شریک چیئرمین کو خوش آمدید کہا، جبکہ ورلڈ لبرٹی فنانشل کے شریک چیئرمین زیک ویٹکوف نے پاکستان کو تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیا۔ اس ملاقات کا ایک اہم حصہ پاکستان کی کرپٹو معیشت کی ترقی اور عالمی سطح پر اس کی موجودگی کو مستحکم کرنا تھا۔

یاد رہے کہ 7 اپریل کو بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ کو پاکستان کرپٹو کونسل کا اسٹریٹجک مشیر مقرر کیا گیا تھا، جس کے بعد پاکستان کی کرپٹو معیشت کے لیے نئے امکانات کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین