پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اوورسیز پاکستانیوں اور غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کے لیے عارضی موبائل رجسٹریشن سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔
اس اقدام کے تحت، پاکستان آنے والے عارضی زائرین ہر دورے کے دوران اپنے ذاتی موبائل آلات کو 120 دن تک کے لیے رجسٹر کرا سکتے ہیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ آسان اور صارف دوست نظام مسافروں کو دورانِ قیام بلاتعطل موبائل رابطے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل اور مفت ہے، جو آفیشل ڈیوائس رجسٹریشن سسٹم (ڈی آر ایس) پورٹل https://dirbs.pta.gov.pk/drs کے ذریعے دستیاب ہے۔
پی ٹی اے نے اپنی اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ صارفین کی سہولت کو مقدم رکھتے ہوئے مؤثر، جامع اور جدید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی جاری رکھے گا۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اعلیٰ معیار کی سروسز کو برقرار رکھتے ہوئے ملک بھر میں سیاحوں کے لیے ایک آسان اور قابلِ اعتماد موبائل تجربہ یقینی بنایا جائے گا۔

