وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب، خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، پشاور، مانسہرہ، ہزارہ ڈویژن، سوات، نوشہرہ، مالاکنڈ، لوئر دیر، ایبٹ آباد، شانگلہ، کرک، ہری پور اور دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔بین الاقوامی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 69 کلومیٹر تھی، جبکہ سرینگر اور افغانستان کے شہر جلال آباد تک بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز افغانستان-تاجکستان بارڈر تھا۔زلزلے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ یہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں ایک ہفتے کے دوران آنے والا دوسرا زلزلہ تھا۔ 12 اپریل کو بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی تھی اور اس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔

