اتوار, فروری 15, 2026
ہومپاکستانوزیراعظم کے تربیتی منصوبے کے تحت 300 زرعی گریجویٹس چین روانہ ہوں...

وزیراعظم کے تربیتی منصوبے کے تحت 300 زرعی گریجویٹس چین روانہ ہوں گے
و

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان کے مالی تعاون سے شروع کیے گئے بین الاقوامی تربیتی پروگرام کے تحت 300 زرعی گریجویٹس کا پہلا گروپ 16 اپریل کو چین روانہ ہوگا۔ وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے پیر کے روز ایک بیان میں بتایا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

یہ منصوبہ "وزیراعظم کا ایک ہزار زرعی گریجویٹس کی چین میں استعداد کار بڑھانے کا اقدام” کے عنوان سے شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد نوجوان ماہرین کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، بایوٹیکنالوجی اور پائیدار زرعی طریقۂ کار سے روشناس کرانا ہے۔

وزارت کے مطابق، "چینی جامعات اور تحقیقی اداروں سے اشتراک کے ذریعے اس پروگرام میں نو اہم شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے، جن میں زرعی مشینری، بایوٹیکنالوجی، جینومکس، درست زراعت (پریسیژن ایگریکلچر)، مصنوعی ذہانت، اور اعلیٰ کارکردگی والے آبپاشی نظام شامل ہیں۔”

وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین 15 اپریل کو روانگی کے موقع پر منعقدہ الوداعی تقریب میں شرکت کریں گے۔

یہ تربیتی پروگرام تین سے چھ ماہ کے دورانیے پر مشتمل ہوگا اور اس کی مکمل مالی اعانت حکومتِ پاکستان فراہم کر رہی ہے۔ امیدواروں کا انتخاب شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا، اور ان کی تقرری ان کے تعلیمی شعبوں سے مطابقت رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

وزارت کے مطابق، یہ گریجویٹس تربیت مکمل کرنے کے بعد "ماسٹر ٹرینرز” کے طور پر وطن واپس آئیں گے، جو مقامی کسان برادری، جامعات اور تحقیقی اداروں کو جدید زرعی مہارتیں منتقل کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ حکومت پہلے ہی اس منصوبے کے تحت 2025 میں مزید ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو چین بھیجنے کا اعلان کر چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام زرعی شعبے کو جدید، پائیدار اور خود کفیل بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، تاکہ قومی غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور معیشت کو تقویت دی جا سکے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین