اسلام آباد: بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا چیئرمین چار سالہ مدت کے لیے بلا مقابلہ دوبارہ منتخب کر لیا گیا۔
ایک اعلامیے کے مطابق، پیپلز پارٹی کے اندرونی انتخابات ہفتے کے روز پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں پارٹی آئین کے تحت منعقد ہوئے، جن میں عہدیداروں کا انتخاب چار سالہ مدت کے لیے کیا گیا۔پیپلز پارٹی کی انٹرا پارٹی الیکشن کمیٹی کی کنوینر محترمہ فوزیہ حبیب کے اعلان کے مطابق، بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی کا چیئرمین، ہمایوں خان کو سیکریٹری جنرل، ندیم افضل چن کو سیکریٹری اطلاعات، اور آمنہ پراچہ کو سیکریٹری خزانہ منتخب کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے گزشتہ انٹرا پارٹی انتخابات 7 جنوری 2021 کو منعقد ہوئے جن میں بلاول بھٹو زرداری کو چیئرمین منتخب کیا گیا تھا۔۔
اس دوران، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتے کے روز بلاول بھٹو زرداری کو پیپلز پارٹی کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے ہمایوں خان کو پیپلز پارٹی کا سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر، ندیم افضل چن کو سیکریٹری اطلاعات منتخب ہونے پر اور آمنہ پراچہ کو سیکریٹری خزانہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کی نئی منتخب قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی نوجوان قیادت میں پیپلز پارٹی عوام کی خواہشات کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کی ترقی اور پیشرفت میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔
سینیٹ کے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے بلاول بھٹو زرداری کو پارٹی چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہونا پارٹی کارکنوں کے مکمل اعتماد کا غماز ہے۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے بھی بلاول بھٹو زرداری کو پیپلز پارٹی کا چیئرمین بلا مقابلہ دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

