لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائننس کے بانی اور سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر چانگ پنگ ژاؤ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، اختراعی علوم کے اطلاق اور مستقبل کی ٹیکنالوجی کو اپنانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔ نواز شریف اور مریم نواز نے چانگ پنگ ژاؤ کو پاکستان کرپٹو کونسل میں اسٹریٹجک مشیر کے طور پر شمولیت پر خوش آمدید کہا۔
ملاقات کے دوران ڈیجیٹل اثاثہ جات، نوجوانوں کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں شمولیت اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز پر گفتگو ہوئی۔ چانگ پنگ ژاؤ نے پاکستان میں بلاک چین ٹیکنالوجی کے ابھرتے ہوئے امکانات اور عالمی سطح پر انٹرپرینیور شپ کے مواقع پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اختراعی تبدیلیوں میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور وقت کی ضرورت کے مطابق تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجیز کو اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی مہارتیں سکھا کر عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی اس موقع پر کہا کہ پنجاب مستقبل کی ٹیکنالوجیز اپنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی توجہ نالج بیسڈ ٹیکنالوجی پر مرکوز ہے جو نئی نسل کو اختراعی سوچ اور ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ کی جانب راغب کرے گی۔
چانگ پنگ ژاؤ نے ملاقات کی میزبانی پر نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی نوجوانوں کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں صلاحیتوں کو سراہا۔

