ہفتہ, فروری 14, 2026
ہومپاکستانپاکستان امریکہ کے ساتھ ٹیرف مذاکرات کیلئے اعلیٰ سطحی وفد بھیجے گا:...

پاکستان امریکہ کے ساتھ ٹیرف مذاکرات کیلئے اعلیٰ سطحی وفد بھیجے گا: وزیراعظم
پ

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تجارتی محصولات سے متعلق مذاکرات کیلئے اعلیٰ سطحی وفد روانہ کرے گا، جس کا مقصد دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

یہ بات انہوں نے اقتصادی مشاورتی کونسل (EAC) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ وفد میں پاکستان کے ممتاز تاجر اور برآمدکنندگان شامل ہوں گے۔

انہوں نے حکومتی اقتصادی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹیم نے عالمی مالیاتی ادارے (IMF) کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے جن کے نتیجے میں بجلی کے نرخ کم کرانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی سے صنعتی شعبے کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، جس سے ملک کی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی میں مسابقت بہتر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جو روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ "جامع مشاورتی عمل کی بدولت پائیدار ترقی کے اہداف جلد ممکن ہو سکیں گے”۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری اور کاروبار میں آسانی کیلئے ٹیکس نظام میں اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کا استحکام، مہنگائی میں کمی، شرح سود میں نمایاں کمی، عالمی اداروں کا اعتماد اور دوست ممالک کی سرمایہ کاری، حکومتی اقتصادی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی مشاورتی کونسل میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین کی قیمتی تجاویز قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا، مشیران، معاونینِ خصوصی، گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے معیشت کی ترقی اور برآمدات میں اضافے سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

شرکاء نے صنعتی شعبے کو دی جانے والی بجلی پر سبسڈی کی تعریف کی اور حالیہ معدنیاتی سرمایہ کاری فورم کو پاکستان کی کان کنی اور معدنی ترقی کیلئے سنگ میل قرار دیا۔

انہوں نے تجویز دی کہ حکومت کی پالیسیوں میں خام مال کی بجائے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات پر توجہ دی جائے، صنعتی اشیاء کی بندرگاہوں تک ترسیل کے لیے مواصلاتی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے، مقامی افرادی قوت کی مہارتوں کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جائے، اور بیرونی سفارتخانوں کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کی تشہیر کی جائے۔

وزیراعظم نے اقتصادی ٹیم کو ہدایت کی کہ کونسل کی تجاویز کی روشنی میں قابلِ عمل منصوبہ تیار کیا جائے اور مختلف شعبوں کیلئے ذیلی کمیٹیاں قائم کی جائیں جو مخصوص شعبوں سے متعلق عملی تجاویز پیش کریں۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین