ہفتہ, فروری 14, 2026
ہومپاکستانپاکستان کی ترقی بلوچستان کی خوشحالی سے مشروط ہے، وزیراعظم شہبازشریف

پاکستان کی ترقی بلوچستان کی خوشحالی سے مشروط ہے، وزیراعظم شہبازشریف
پ


وزیراعظم سے بلوچستان کے وکلا کے وفد کی ملاقات، صوبے میں امن و امان کی بہتری کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کی درخواست

اسلام آباد — وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مجموعی ترقی بلوچستان کی ترقی سے وابستہ ہے، اور صوبے کی باصلاحیت افرادی قوت ملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنے اقدامات جاری رکھے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے وکلا کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جس میں وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن رؤف عطا، صدر بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن عطااللہ لانگو، اور بلوچستان بار کونسل کے رکن خلیل کاکڑ بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران بلوچستان میں امن و امان، سیکیورٹی اور گورننس کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وفاقی حکومت صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے فعال اور مؤثر کردار ادا کرے۔

وکلا رہنماؤں نے وزیراعظم کو صوبے میں قانونی، سیاسی اور قبائلی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے وفاقی سطح پر مؤثر قیادت ناگزیر ہے۔ وفد نے اس ضمن میں دیگر سیاسی و قبائلی شخصیات سے ہونے والی اپنی ملاقاتوں کی تفصیلات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت بلوچستان کے دیرینہ مسائل کے حل، بہتر گورننس اور امن و ترقی کے فروغ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے دانش اسکولز کے ذریعے معاشی طور پر کمزور طلبہ کو تعلیم کی فراہمی کے منصوبے کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وفد نے خانزئی اور منگوچر قلات میں بھی دانش اسکولز کے قیام کی سفارش کی، جبکہ ماضی میں بلوچستان کے طلبہ کو دی گئی سینکڑوں اسکالرشپس پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس پروگرام کے دوبارہ آغاز کی اپیل کی۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین