اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 1061 پاکستانی ڈاکٹروں نے امریکا میں مستقل رہائش حاصل کی ہے، جو کسی ایک سال میں سب سے بڑی تعداد ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق، ان ڈاکٹروں نے امریکا میں مختلف اسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں رہائشی پوزیشنز (ریزیڈنسی پروگرامز) حاصل کیں۔ جن جامعات سے ان ڈاکٹروں کی بڑی تعداد کا تعلق رہا ان میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، علامہ اقبال میڈیکل کالج، ڈاؤ میڈیکل کالج، شفا کالج آف میڈیسن، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی شامل ہیں۔
ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹروں کی شاندار کارکردگی اس امر کا ثبوت ہے کہ ملک میں طبی تعلیم کا معیار بلند ہے اور پی ایم ڈی سی کے زیر نگرانی مضبوط نصاب اور تربیتی پروگرام مؤثر انداز میں رائج کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے ڈاکٹروں کی علمی و پیشہ ورانہ قابلیت کو مزید نکھارنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس پیش رفت کو طبی تعلیم میں بہتری کے سفر کا سنگِ میل قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایم ڈی سی نے سخت جانچ کے نظام کے تحت ملک بھر کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں کو جامع تربیتی پروگراموں اور مضبوط تعلیمی نصاب کی تشکیل میں رہنمائی فراہم کی ہے۔
ڈاکٹر رضوان کے مطابق، امریکا میں رہائش اور پیشہ ورانہ مواقع حاصل کرنے کے لیے امیدواروں کو نہ صرف یو ایس ایم ایل ای جیسے سخت امتحانات میں کامیابی حاصل کرنا پڑتی ہے بلکہ انٹرویوز اور دستاویزی تقاضوں پر مبنی ایک نہایت پیچیدہ اور مسابقتی عمل سے بھی گزرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے چیلنجنگ انتخابی مراحل میں صرف وہی امیدوار کامیاب ہوتے ہیں جو غیرمعمولی قابلیت، لگن اور استقلال کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پی ایم ڈی سی کے اُس وژن کی عملی تصویر ہے جس کے تحت ادارہ پاکستان کے طبی پیشہ وران کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے کے لیے طبی تعلیم کے شعبے میں مسلسل اصلاحات اور بہتری کا خواہاں ہے۔

