پشاور – منگل کے روز ضلع ملاکنڈ کے علاقے بٹ خیلہ میں لیویز کی گاڑی کے قریب ایک زور دار دھماکہ ہوا، تاہم خوش قسمتی سے تمام اہلکار محفوظ رہے۔ لیویز پولیس کے مطابق، یہ واقعہ بٹ خیلہ کی کینال روڈ پر اس وقت پیش آیا جب ملاکنڈ لیویز کی ایک گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔
دھماکہ ایک سرکاری عمارت کے پیچھے نصب شدہ دھماکہ خیز مواد کے ذریعے کیا گیا۔ اس دھماکے سے گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا، لیکن لیویز اہلکاروں کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔ دھماکہ انتہائی زور دار تھا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ملاکنڈ لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے، جو مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔

