نائجیریا سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی شہرت یافتہ مصنفہ چیما منڈا اینگوزی آڈیچی نے غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کو "اجتماعی قتلِ عام” قرار دیتے ہوئے عالمی برادری کی خاموشی پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
الجزیرہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں آڈیچی نے کہا: "میرے نزدیک اجتماعی سزا دینے کا تصور انسانیت سوز ہے۔ آپ کسی پوری قوم کو صرف چند افراد کے اقدامات کی بنیاد پر ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتے۔”
انہوں نے مزید کہا، "آخر کار یہ اس سوچ کا نتیجہ ہے جس کے تحت فلسطینیوں کو مکمل انسان نہیں سمجھا جاتا، کیونکہ اگر آپ انہیں پوری طرح انسان تصور کریں تو اس قسم کے قتلِ عام کے لیے کوئی جواز نہیں بچتا۔”
مصنفہ نے بطور کہانی کار اپنی ذمہ داری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو فلسطینیوں کی زندگیوں کے بارے میں پڑھنا چاہیے تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہرگز معمول کی بات نہیں ہے۔

