مقامی ترسیلات میں 11.31 فیصد کمی
اسلام آباد – سیمنٹ کی مقامی ترسیلات میں مارچ 2025 کے دوران گراوٹ کا رجحان برقرار رہا۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2025 میں مقامی سطح پر سیمنٹ کی ترسیلات 29 لاکھ 61 ہزار ٹن رہیں، جو مارچ 2024 میں 33 لاکھ 38 ہزار ٹن تھیں، یوں 11.31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ برآمدات میں معمولی اضافہ ہوا اور یہ مارچ 2025 میں 6 لاکھ 8 ہزار 614 ٹن رہیں، جبکہ مارچ 2024 میں یہ حجم 6 لاکھ 5 ہزار 142 ٹن تھا۔ مجموعی طور پر مارچ 2025 میں سیمنٹ کی کل ترسیلات 35 لاکھ 69 ہزار ٹن رہیں، جو گزشتہ سال مارچ میں 39 لاکھ 44 ہزار ٹن تھیں، یعنی 9.48 فیصد کمی واقع ہوئی۔
مارچ 2025 کے دوران شمالی ریجن کی سیمنٹ فیکٹریوں نے 24 لاکھ 50 ہزار ٹن سیمنٹ فراہم کی، جو مارچ 2024 کی 28 لاکھ 66 ہزار ٹن کی نسبت 14.54 فیصد کم ہے۔ جنوبی ریجن کی فیکٹریوں نے مارچ 2025 میں 11 لاکھ 20 ہزار ٹن سیمنٹ فراہم کی، جو مارچ 2024 کی 10 لاکھ 70 ہزار ٹن کی نسبت 3.96 فیصد کا معمولی اضافہ ہے۔
شمالی علاقوں کی فیکٹریوں نے مارچ 2025 میں مقامی مارکیٹ میں 24 لاکھ 31 ہزار ٹن سیمنٹ فراہم کی، جو مارچ 2024 کے 27 لاکھ 42 ہزار ٹن کے مقابلے میں 11.33 فیصد کم ہے۔ جنوبی ریجن میں مارچ 2025 میں 5 لاکھ 29 ہزار 750 ٹن سیمنٹ مقامی مارکیٹ میں فراہم کی گئی، جو گزشتہ سال کے 5 لاکھ 96 ہزار 751 ٹن کے مقابلے میں 11.23 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
شمالی ریجن سے برآمدات میں شدید کمی واقع ہوئی، جو مارچ 2024 میں 1 لاکھ 24 ہزار 672 ٹن تھیں، مارچ 2025 میں گھٹ کر صرف 18 ہزار 508 ٹن رہ گئیں — یعنی 85.15 فیصد کمی۔ اس کے برعکس جنوبی ریجن سے برآمدات 22.82 فیصد اضافے کے ساتھ مارچ 2025 میں 5 لاکھ 90 ہزار 106 ٹن ہو گئیں، جو مارچ 2024 میں 4 لاکھ 80 ہزار 470 ٹن تھیں۔
مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی ترسیلات (مقامی اور برآمدی) 3 کروڑ 39 لاکھ 93 ہزار ٹن رہیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کی 3 کروڑ 45 لاکھ 3 ہزار ٹن کی نسبت 1.48 فیصد کم ہیں۔ اس دوران مقامی ترسیلات 2 کروڑ 74 لاکھ 61 ہزار ٹن رہیں، جو گزشتہ سال کے 2 کروڑ 94 لاکھ 3 ہزار ٹن کے مقابلے میں 6.61 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔ برآمدات میں 28.08 فیصد اضافہ ہوا، اور یہ 65 لاکھ 32 ہزار ٹن ہو گئیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 51 لاکھ ٹن تھیں۔
شمالی ریجن کی فیکٹریوں نے رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں مقامی مارکیٹ میں 2 کروڑ 27 لاکھ 91 ہزار ٹن سیمنٹ فراہم کی، جو گزشتہ سال کے 2 کروڑ 42 لاکھ 36 ہزار ٹن کے مقابلے میں 5.96 فیصد کم ہیں۔ شمالی ریجن سے برآمدات میں 7.76 فیصد اضافہ ہوا اور یہ جولائی تا مارچ 2025 میں 11 لاکھ 20 ہزار ٹن رہیں، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 10 لاکھ 39 ہزار ٹن تھیں۔ شمالی فیکٹریوں کی مجموعی ترسیلات میں 5.40 فیصد کمی ہوئی اور یہ 2 کروڑ 39 لاکھ 11 ہزار ٹن رہیں، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 2 کروڑ 52 لاکھ 76 ہزار ٹن تھیں۔
جنوبی ریجن کی فیکٹریوں کی مقامی ترسیلات جولائی تا مارچ 2025 کے دوران 46 لاکھ 69 ہزار ٹن رہیں، جو گزشتہ سال کے 51 لاکھ 67 ہزار ٹن کے مقابلے میں 9.63 فیصد کم ہیں۔ تاہم برآمدات میں 33.28 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 54 لاکھ 19 ہزار ٹن رہیں، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 40 لاکھ 61 ہزار ٹن تھیں۔ جنوبی فیکٹریوں کی مجموعی ترسیلات 9.26 فیصد کے اضافے کے ساتھ 1 کروڑ 8 لاکھ 1 ہزار ٹن رہیں، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ 92 لاکھ 27 ہزار ٹن تھیں۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ سیمنٹ ایک اہم ترین بنیادی شے ہے جو معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ یہ ہزاروں ہنر مند اور غیر ہنر مند افراد کو براہ راست اور بالواسطہ روزگار فراہم کرتی ہے اور کئی متعلقہ صنعتوں کو بھی سہارا دیتی ہے۔ ترجمان نے امید ظاہر کی کہ حکومت آئندہ بجٹ میں سیمنٹ پر ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں میں کمی پر غور کرے گی تاکہ یہ عوام کے لیے سستی ہو سکے اور مقامی کھپت میں اضافہ ہو۔

