دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام "عالمی یوم القدس” بھرپور عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر مختلف شہروں میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اسلام آباد میں مرکزی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ظالم کے خلاف کھڑا ہونے والوں کو پسند کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبلۂ اول کی حفاظت کسی ایک گروہ، تنظیم یا مسلک کی نہیں، بلکہ پوری امت مسلمہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے امریکا اور مغربی طاقتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوتیں مسلم ممالک میں انتشار کو ہوا دے کر اپنے مفادات کا تحفظ چاہتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عالمی استعماری سازشوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

