جنوبی وزیرستان میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جو آج سے 5 اپریل تک مؤثر رہے گی۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان ناصر خان کے مطابق ضلع بھر میں دفعہ 144 کے تحت چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، گاڑیوں میں کالے شیشے لگانے، ڈبل سواری اور اسلحے کی نمائش پر بھی سختی سے پابندی ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

