ہفتہ, فروری 14, 2026
ہومپاکستانتنخواہ دار طبقے نے 331 ارب روپے ٹیکس ادا کیا

تنخواہ دار طبقے نے 331 ارب روپے ٹیکس ادا کیا
ت

Website setup

اسلام آباد:

تنخواہ دار طبقے نے رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ میں 331 ارب روپے کا خطیر انکم ٹیکس ادا کیا، جو کہ ریٹیلرز کی جانب سے ادا کیے گئے ٹیکس سے 1,350 فیصد زیادہ ہے۔ اس کے باوجود حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) سے اس طبقے کے لیے کسی قسم کی ریلیف کی درخواست نہیں کی۔جولائی تا فروری مالی سال 2024-25 کے دوران تنخواہ دار افراد کی مجموعی انکم ٹیکس ادائیگیاں 120 ارب روپے یا 56 فیصد زیادہ رہیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 211 ارب روپے تھیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت نے پورے مالی سال کے دوران تنخواہ دار طبقے سے 75 ارب روپے اضافی ٹیکس وصول کرنے کا ہدف رکھا تھا، مگر اب تک یہ وصولی 120 ارب روپے سے زائد ہو چکی ہے، جبکہ مالی سال ختم ہونے میں چار ماہ باقی ہیں۔گزشتہ مالی سال میں تنخواہ دار طبقے نے 368 ارب روپے ٹیکس ادا کیا تھا۔ اس کے باوجود، حکومت نے آئی ایم ایف سے حالیہ مذاکرات میں اس بوجھ کو کم کرنے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف سے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ جب اس حوالے سے ایف بی آر کے ترجمان ڈاکٹر نجیب میمن سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں اس معاملے پر نظرثانی کرے گی۔دوسری طرف، تنخواہ دار افراد کے 331 ارب روپے کے مقابلے میں ریٹیلرز – جو زیادہ تر غیر رجسٹرڈ ہیں – نے محض 23 ارب روپے بطور وِدہولڈنگ انکم ٹیکس ادا کیے۔

تاجروں نے سیکشن 236-H کے تحت ادا کیا گیا ٹیکس تنخواہ دار طبقے کے ادا کردہ ٹیکس سے 1,350% کم تھا۔

ذرائع کے مطابق، ہول سیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز نے بھی آٹھ ماہ میں 16 ارب روپے بطور وِدہولڈنگ ٹیکس ادا کیے، تاہم حیران کن بات یہ ہے کہ ان میں سے تقریباً آدھے ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں تھے۔

بجٹ میں حکومت نے تاجروں پر 2.5% وِدہولڈنگ ٹیکس عائد کیا تھا، اس امید پر کہ اس اقدام سے وہ ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے پر مجبور ہو جائیں گے۔

ٹیکس کی شرح میں اضافے سے تاجروں سے 12 ارب روپے اضافی اکٹھے کرنے میں مدد ملی، لیکن مطلوبہ ہدف حاصل نہ ہو سکا۔

تاجروں نے اضافی ٹیکس کا بوجھ براہ راست عام صارفین پر منتقل کر دیا، جس سے اس پالیسی کا اصل مقصد ناکام ہوگیا۔حکومت کی "تاجر دوست اسکیم” جس کے تحت 1 کروڑ تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا منصوبہ تھا، بری طرح ناکام ہوگئی، اور اب حکومت اس پر بات کرنا بھی چھوڑ چکی ہے۔ اس اسکیم کے تحت حکومت کو 50 ارب روپے جمع کرنے تھے، لیکن نتیجتاً صرف معمولی رقم ہی اکٹھی کی جا سکی۔ذرائع کے مطابق، ایف بی آر نے آئی ایم ایف کے سامنے تسلیم کیا کہ تاجر اور جیولرز وہ دو طبقے ہیں جنہیں ٹیکس نیٹ میں لانا انتہائی مشکل ثابت ہوا۔ ایف بی آر نے یہ بھی اعتراف کیا کہ "تاجر دوست اسکیم” بنیادی ڈیزائن کی خامیوں کی وجہ سے ناکام ہوئی۔آئی ایم ایف کو یہ بھی بتایا گیا کہ بڑے تاجروں نے چھوٹے تاجروں کو اسکیم میں شامل ہونے سے روکا، جس کی وجہ سے اسے 43 شہروں تک توسیع دینے کا منصوبہ بھی ناکام ہوگیا۔ 10 ملین ریٹیلرز کو نیٹ میں لانے کا ایف بی آر کا منصوبہ بری طرح فلاپ ہوگیا۔ذرائع کے مطابق، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایف بی آر کو ہدایت دی کہ وہ تنخواہ دار طبقے کے ٹیکس کے نظام کا جائزہ لے کر کچھ ریلیف فراہم کرنے کے امکانات تلاش کرے۔ تاہم، آئی ایم ایف کے ساتھ اس معاملے پر کوئی باضابطہ گفتگو نہیں ہوئی۔گزشتہ جون میں، حکومت نے تنخواہ دار طبقے پر بھاری ٹیکس عائد کر دیا۔ ٹیکس سلیبز کی تعداد کم کر دی گئی، جس کا سب سے زیادہ بوجھ درمیانے اور اعلیٰ درمیانے آمدنی والے طبقے پر پڑا۔اب 500,000 روپے ماہانہ آمدنی پر زیادہ سے زیادہ 35% ٹیکس لاگو ہوتا ہے، جبکہ اضافی 10% سرچارج بھی لگایا گیا ہے، جس سے اعلیٰ سلیب کے لیے مجموعی ٹیکس کی شرح 38.5% تک پہنچ گئی ہے۔

جہاں حکومت نے تنخواہ دار طبقے کے مسائل کو نظر انداز کیا، وہیں اس نے آئی ایم ایف سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے ٹیکس کم کرنے کی بات چیت کی۔ تاہم، آئی ایم ایف نے حکومت کی درخواست مسترد کر دی اور فی الحال ٹیکس کی شرحیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق، نان-کارپوریٹ سیکٹر کے ملازمین نے اس سال 141 ارب روپے انکم ٹیکس ادا کیا، جو 42 ارب (43%) زیادہ ہے۔کارپوریٹ سیکٹر کے ملازمین نے 101 ارب روپے ٹیکس دیا، جو 37 ارب (56%) زیادہ ہے۔صوبائی حکومت کے ملازمین نے 57 ارب روپے ٹیکس دیا، جو 28 ارب (96%) زیادہ ہے،جبکہ وفاقی حکومت کے ملازمین نے 34 ارب روپے ادا کیے، جو 14 ارب (66%) زیادہ ہیں۔موجودہ مالی سال کے لیے، آئی ایم ایف نے ایف بی آر کے لیے 12.97 کھرب روپے کا ٹیکس ہدف مقرر کیا ہے۔ تاہم، آٹھ ماہ میں 605 ارب روپے کا خسارہ ہو چکا ہے، باوجود اس کے کہ تنخواہ دار طبقے سے 331 ارب روپے وصول کیے گئے۔مارچ کے مہینے کے لیے ٹیکس ہدف 1.220 کھرب روپے ہے، جو ایف بی آر کے لیے حاصل کرنا مشکل نظر آ رہا ہے۔ اتوار تک 515 ارب روپے جمع ہو چکے تھے، جس کا مطلب ہے کہ اس ہفتے میں مزید 704 ارب روپے اکٹھے کرنے کا مشکل ہدف باقی ہے۔جمعہ کو عید کی چھٹیوں سے پہلے کا آخری ورکنگ ڈے ہوگا، جس کے باعث ٹیکس جمع کرنے کا دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔

مقبول مضامین

مقبول مضامین