سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی کرنے والی مشترکہ کمیٹی نے ایک ہفتے کے دوران 25 ہزار غیر قانونی تارکین کو گرفتار کر لیا ہے۔سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی نے سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی کرنے والی مشترکہ کمیٹی نے 13 سے 19 مارچ 2025 کے دوران 25 ہزار افراد کو گرفتار کیا۔
گرفتار شدگان میں 17,886 افراد اقامہ قوانین، 4,247 سرحدی قوانین، اور 3,017 لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے۔بیان کے مطابق، اس دوران 1,553 افراد کو غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، جن میں 28 فیصد یمنی، 69 فیصد ایتھوپیائی جبکہ 3 فیصد دیگر ممالک کے شہری تھے۔ اسی طرح، ملک سے غیر قانونی طور پر باہر جانے کی کوشش پر 63 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی تارکین کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنا سنگین جرم ہے، جس پر 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

