صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں کنگر پل پولیس چوکی پر دہشتگردوں نے جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا، تاہم پولیس اہلکاروں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔پولیس حکام کے مطابق، دہشت گردوں نے کنگر پل پولیس چوکی پر جدید اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا، تاہم پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے باعث حملہ آور فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم اسی چوکی پر پہلے بھی کئی بار حملے ہو چکے ہیںیاد رہے کہ گزشتہ ماہ بنوں کے علاقے فتح خیل میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا، جس میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔پولیس عہدیدار کے مطابق، آدھی رات کے وقت ہونے والے اس حملے میں دہشت گردوں نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا اور چوکی پر قبضے کی کوشش کی۔ تاہم، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے مؤثر جوابی فائرنگ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
پولیس عہدیدار کے مطابق، اہلکاروں نے حملہ آوروں کو اس وقت تک مصروف رکھا جب تک کہ کمک نہیں پہنچ گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے پولیس چوکی پر قبضے کی عسکریت پسندوں کی کوشش کو ناکام بنایا، جس کے بعد دہشت گرد شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

