امریکا اور اسرائیل کی دہشتگردی کے خلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے امریکا اور اسرائیل کی دہشتگردی کے خلاف جمعہ کے روز ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں۔
’غزہ میں بدترین فسطائیت، 48 ہزار فلسطینی شہید‘
اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ امریکی سرپرستی میں اسرائیلی مظالم فلسطینی عوام پر جاری ہیں۔ ان کے مطابق، غزہ میں 48 ہزار سے زائد معصوم فلسطینی، جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، شہید ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور زخمیوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں خوراک اور ادویات کا شدید بحران ہے، اور اسرائیل نے تاریخ انسانی کی بدترین فسطائیت کا مظاہرہ کیا ہے۔
تمام بڑے شہروں میں ریلیوں کا اعلان
امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ جمعہ کو ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔یہ احتجاج نماز جمعہ کے بعد مختلف مرکزی مقامات اور مساجد کے باہر منعقد ہوگا، جہاں اسرائیلی جارحیت اور امریکا کی حمایت کے خلاف شدید مذمت کی جائے گی۔

