صوبائی حکومت بلوچستان نے لیویز فورس کا انسدادِ دہشت گردی ونگ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ سیکیورٹی فورس کو صوبے کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں سے درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔رپورٹ کے مطابق، بلوچستان لیویز فورس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) عبدالغفار مگسی نے پیر کے روز لیویز فورس میں انسدادِ دہشت گردی کا خصوصی ونگ قائم کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد دہشت گردی کی کارروائیوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے فورس کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔ یہ ونگ بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران دیگر سیکیورٹی فورسز اور ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرے گا۔ڈی جی لیویز نے اس بات پر زور دیا کہ اس ونگ کے قیام سے لیویز فورس کو مزید بااختیار بنایا جائے گا، اس کی آپریشنل طاقت میں اضافہ ہوگا، اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔توقع ہے کہ یہ ونگ دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور بلوچستان میں مجموعی طور پر سیکیورٹی پوزیشن کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ڈی جی لیویز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور بلوچستان کے عوام کے لیے امن برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔حکام کے مطابق، لیویز فورس کے انسدادِ دہشت گردی ونگ کو دہشت گردوں سے لڑنے اور ان کی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے خصوصی تربیت دی جائے گی، اور ونگ کو جدید ترین اسلحہ اور سازوسامان سے بھی لیس کیا جائے گا۔
ونگ کے قیام کا فیصلہ کچھ حالیہ واقعات کے پیش نظر کیا گیا، جن میں چیک پوسٹوں اور لیویز فورس اسٹیشنز پر تعینات اہلکار عسکریت پسندوں کے حملے کے دوران مزاحمت کرنے میں ناکام رہے، اور حملہ آور ان کے ہتھیار لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔ان واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی لیویز نے فورس میں انسدادِ دہشت گردی ونگ کے قیام کا فیصلہ کیا۔

