خام اسٹیل مارکیٹ میں مبینہ کارٹل بے نقاب، مسابقتی کمیشن کی کارروائی
مسابقتی کمیشن نے خام اسٹیل مارکیٹ میں مبینہ گٹھ جوڑ کی انکوائری مکمل کر لی، جس کے بعد کارٹل بنانے والے سپلائرز کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔انکوائری رپورٹ کے مطابق خام اسٹیل کی قیمتوں میں 111 گنا اضافہ کیا گیا، جبکہ انٹرنیشنل اسٹیل اور عائشہ اسٹیل ملز نے مبینہ طور پر گٹھ جوڑ کے ذریعے قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیارپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا کہ خام اسٹیل کے دونوں بڑے سپلائرز آپس میں قیمتیں طے کرتے تھے، اور تین سال میں خام اسٹیل کی قیمت میں ایک لاکھ 46 ہزار روپے فی ٹن کا اضافہ کیا گیا۔مسابقتی کمیشن کی تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ان سپلائرز کے درمیان سیکنڈری میٹریل کی فروخت پر بھی گٹھ جوڑ تھا، اور اسٹیل ملز پر چھاپے کے دوران کارٹلائزیشن کے واضح ثبوت حاصل کیے گئے۔
مسابقتی کمیشن نے واضح کیا کہ قیمتوں کو گٹھ جوڑ کے ذریعے طے کرنا صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی ہے، اور مارکیٹ میں ہر قسم کے گٹھ جوڑ کو ناکام بنانے کے لیے آزادانہ مسابقت کو یقینی بنایا جائے گا۔

