نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار کی مصری وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی سے ملاقات
نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے ہفتے کے روز جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کا اعادہ کیا اور مشترکہ اقدار و ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سیاسی، دفاعی، ثقافتی، اور اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے کے ساتھ عوامی سطح پر تعلقات کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے، دونوں رہنماؤں نے مغربی کنارے میں اسرائیلی تشدد اور غزہ میں جاری نسل کشی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اسحٰق ڈار نے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی اور جنگ بندی کے لیے ثالثی میں مصر کے اہم کردار کو سراہا۔
وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی مخالفت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین کا مسئلہ 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر مستقل اور منصفانہ حل کے ذریعے حل کیا جائے، جس میں القدس الشریف کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کیا جائے۔اسحٰق ڈار نے ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کو باہمی طور پر طے شدہ کسی مناسب وقت پر پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

