اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے مالیاتی نظام کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹلائزیشن کے ساتھ بہتر سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 30 مئی سے ویب بیسڈ سے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) پر مبنی رسائی میں منتقلی کا فیصلہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اس نے ریگولیٹڈ اداروں (آر ایز) سے درخواستیں اور تجاویز وصول کرنے اور ریگولیٹری منظوری کے نظام (آر اے ایس) کے ذریعے اپنے ریگولیٹری فیصلوں کے پھیلاؤ کے عمل کو ڈیجیٹلائز کر دیا ہے۔
مزید برآں، اسٹیٹ بینک کے زیر انتظام پورٹلز، بشمول آر اے ایس، سے متعلق ریگولیٹڈ اداروں کی شکایات کے ازالے کے لیے ایک سروس ڈیسک سسٹم بھی قائم کیا گیا ہے۔
ریگولیٹڈ اداروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مناسب ملٹی فیکٹر اتھینٹیکیشن (MFA) اکاؤنٹس بروقت حاصل کریں، تاکہ ریگولیٹری تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے اور وی پی این پر مبنی رسائی کے ذریعے آر اے ایس اور سروس ڈیسک کے ہموار استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

