بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات اور جرائم کی شرح میں اضافے کے پیش نظر خیبرپختونخوا پولیس نے ملازمت کے حصول کے لیے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔یہ فیصلہ نہ صرف سرکاری اور نجی اداروں کی نوکریوں کے لیے نافذ ہوگا بلکہ دکانوں اور گھریلو ملازمین پر بھی اس کا اطلاق ہوگا۔ اس اقدام کو فروغ دینے کے لیے پولیس نے ’’بچاؤ، احتیاط بہتر‘‘ کے نعرے کے تحت آگاہی مہم بھی شروع کر دی ہے۔ مہم کے ذریعے شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے کاروبار یا گھروں میں ملازم رکھنے سے پہلے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ ضرور طلب کریں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ملازمین کی جانچ نہ کرنے سے مستقبل میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ پولیس نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ سہولت مراکز کو فعال کریں تاکہ عوام کے لیے کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا عمل آسان بنایا جا سکے۔ یہ مراکز ہر شہر میں قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہری آسانی سے اپنا سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے مقامی شہریوں کے لیے آن لائن تصدیق کا طریقہ کار موجود ہے، جبکہ ایک بار سہولت مرکز کا دورہ بھی ضروری ہوگا۔
غیر مقامی افراد کے لیے طریقہ کار میں فارم جمع کروانا، شناختی کارڈ اور دو تصاویر فراہم کرنا اور متعلقہ تھانے اور ایس پی کی منظوری لینا شامل ہے۔ عموماً سرٹیفکیٹ 5 سے 6 گھنٹوں میں جاری کر دیا جاتا ہے۔

