وزیراعظم شہباز شریف سے انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور الیریا گروپ کے وفد سے ملاقات کی، اتھارٹی پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرے گی۔
پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اقتصادی تعاون میں پیش رفت
اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد:
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی (IFZA) متحدہ عرب امارات اور الیریا گروپ کے 8 رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ اقتصادی تعاون اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں چیئرمین IFZA مارٹن گریگرز پیڈرسن اور الیریا گروپ کے مینجنگ پارٹنر مانا علی محمد حماد الشمسی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔ اس اہم ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت حکومتی ٹیم بھی موجود رہی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، اور ملک میں کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پاکستان میں دستیاب ہیں۔ اعلامیے کے مطابق، وفد نے وزیر اعظم کی زیر قیادت اقتصادی استحکام کو سراہا اور کہا کہ:
"پاکستان خطے میں سرمایہ کاری کے لیے تیزی سے ابھرتی ہوئی موزوں ترین مارکیٹ بن رہا ہے۔”
مفاہمتی یادداشت پر دستخط
ملاقات کے بعد پاکستان سرمایہ کاری بورڈ اور انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی کے درمیان پاکستان کے موجودہ اسپیشل اکنامک زونز (SEZs) میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت (MoU) کا تبادلہ ہوا۔ اس معاہدے کے تحت IFZA پاکستان کے مختلف اسپیشل اکنامک زونز میں متنوع منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گی جس سے صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع اور اقتصادی شرح نمو میں بہتری متوقع ہے یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) کے فروغ کا باعث بنے گی بلکہ دو برادر ممالک کے تجارتی اور معاشی روابط کو مزید مستحکم کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

