چین، امریکہ کی جانب سے چینی درآمدات پر دوبارہ 10 فیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے پر شدید عدم اطمینان اور سخت مخالفت کا اظہار کرتا ہے۔ یہ مؤقف منگل کے روز وزارتِ تجارت کے ترجمان نے پیش کیا۔
ترجمان نے کہا کہ چین اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثر جوابی اقدامات کرے گا۔
چین دنیا کے اُن ممالک میں شامل ہے جہاں منشیات کے خلاف سخت ترین قوانین نافذ ہیں اور ان پر عمل درآمد بھی انتہائی سختی سے کیا جاتا ہے۔ چین اور امریکہ کے مابین انسدادِ منشیات کے حوالے سے وسیع اور گہرے تعاون کے نتیجے میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، ترجمان نے مزید کہا۔
تاہم، امریکہ نے بارہا اس معاملے پر چین کو موردِ الزام ٹھہراتے ہوئے، فینٹانائل کے مسئلے کو جواز بنا کر چینی برآمدات پر اضافی محصولات عائد کیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق، "امریکہ کا یہ اقدام یکطرفہ پالیسی اور دھونس دھمکی کی واضح مثال ہے، جو حقائق، بین الاقوامی تجارتی اصولوں اور تمام متعلقہ فریقوں کے مؤقف کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے۔”

