سیلٹک ایف سی کے مداحوں کی "اسرائیل کو ریڈ کارڈ دکھاؤ” مہم کو پذیرائی، ہزاروں فٹبال شائقین کی فلسطین سے یکجہتی
دنیا بھر میں فٹبال شائقین اسرائیل کے خلاف احتجاج میں "اسرائیل کو ریڈ کارڈ دکھاؤ” کے بینرز اٹھا رہے ہیں اور میچوں کے دوران ریڈ کارڈز لہرا کر فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ بین الاقوامی مقابلوں سے اسرائیل کی معطلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یہ احتجاج 12 فروری کو چیمپئنز لیگ کے ایک میچ میں سیلٹک ایف سی اور بائرن میونخ کے درمیان مقابلے کے دوران شروع ہوا، جس نے اٹلی، اسپین، فرانس، یونان، آئرلینڈ، ترکی اور ملائیشیا میں فلسطین کے حق میں یکجہتی مظاہروں کو جنم دیا۔ سیلٹک ایف سی کے مداحوں کے گروپ "گرین بریگیڈز” کی جانب سے تقسیم کیے گئے ایک سرخ رنگ کے پمفلٹ میں کہا گیا: "براہ کرم دوسرے ہاف کے آغاز میں ‘اسرائیل’ کو ریڈ کارڈ دکھائیں تاکہ یوئیفا (UEFA) اور فیفا (FIFA) کو واضح پیغام دیا جا سکے کہ وہ اپنے قوانین کے مطابق کارروائی کریں اور اسرائیل کو مقابلوں سے معطل کریں۔” پمفلٹ میں مزید کہا گیا:
"ایسا کر کے آپ نہ صرف درست عمل کریں گے بلکہ ان باشعور اور بہادر فٹبال شائقین کی عالمی مہم کا حصہ بھی بنیں گے جو یہی پیغام اپنا رہے ہیں۔” چند دن بعد اسپین میں، پامپلونا میں اوساسونا کلب کے مداحوں نے ریال میڈرڈ کے خلاف لا لیگا میچ کے دوران فلسطینی پرچم کے ساتھ "اسرائیل کو ریڈ کارڈ دکھاؤ” کا بینر آویزاں کیا۔
یونان، ترکی میں بھی اسرائیل کے خلاف فٹبال بائیکاٹ مہم کو پذیرائی، ہزاروں شائقین فلسطین کے حق میں سرگرم
یونان میں ارس تھیسالونیکی (Aris Thessaloniki) کے مداحوں نے فلسطینی پرچم کے ساتھ "اسرائیل کو ریڈ کارڈ دکھاؤ” کا بینر لہرایا، جبکہ ترکی میں گالاتاسرائے (Galatasaray) اور بورسہ اسپور (Bursaspor) کے شائقین نے بھی سیلٹک ایف سی کے گرین بریگیڈز کی مہم کی حمایت کا اظہار کیا۔
بورسہ اسپور کے مداحوں نے گرین بریگیڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: "ہمیں فخر ہے کہ ہم دنیا بھر کے اُن شائقین کے ساتھ کھڑے ہیں جو امن اور انصاف کے حامی ہیں… فٹبال لوگوں کو قریب لانے کا ذریعہ ہونا چاہیے، جبر کا نہیں۔” فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن (PFA) کے مطابق، اکتوبر 2023 میں غزہ پر حملے کے آغاز سے اب تک اسرائیل کم از کم 724 فلسطینی ایتھلیٹس اور اسکاوٹس کو شہید کر چکا ہے، جن میں 382 فٹبالرز بھی شامل ہیں۔
کھیلوں میں اسرائیل کے بائیکاٹ کی مہم
یہ مطالبات نئے نہیں ہیں کہ اسرائیل کو بین الاقوامی کھیلوں سے باہر کیا جائے۔ 2013 میں "Red Card Israeli Racism” مہم کے تحت یورپ بھر میں اسرائیل کے خلاف کھیلوں کے بائیکاٹ کی مہم چلائی گئی تھی۔ جنوری 2023 میں مغربی ایشیائی فٹبال فیڈریشن (12 ایسوسی ایشنز پر مشتمل) نے فیفا سے اسرائیل پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔ دسمبر 2024 میں عالمی بائیکاٹ تحریک (BDS) کی کامیاب مہم کے بعد Puma نے اسرائیلی فٹبال ایسوسی ایشن (IFA) کے ساتھ اپنے اسپانسرشپ معاہدے کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔ مئی میں فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن نے فیفا سے اسرائیل کو غزہ پر جنگ اور عرب کھلاڑیوں کے ساتھ امتیازی سلوک پر معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اگرچہ فیفا نے اسرائیل کو معطل نہیں کیا، لیکن امتیازی سلوک کے الزامات کی تفتیش کا حکم دیا۔ گرین بریگیڈز، جو 2006 میں بننے والا سیلٹک ایف سی کے مداحوں کا الٹرا گروپ ہے، فلسطین کے حق میں طویل عرصے سے معروف ہے، خاص طور پر گزشتہ 15 ماہ میں ان کے اندازِ احتجاج میں شدت دیکھی گئی ہے۔ اکتوبر 2023 میں یوئیفا چیمپیئنز لیگ میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے خلاف میچ کے دوران، کلب کی ہدایات کے برعکس، گروپ نے فلسطینی پرچم لہرایا تھا۔ اب اپنی "اسرائیل کو ریڈ کارڈ دکھاؤ” مہم کے ذریعے گرین بریگیڈ نے دنیا بھر کے فٹبال شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کے جنگی جرائم کو اجاگر کریں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔
گروپ نے کہا:
"اسرائیل نسل کشی اور نسلی تطہیر کر رہا ہے، اپارتھائیڈ نافذ کر رہا ہے اور فلسطینی سرزمین پر غیر قانونی قبضہ کر رہا ہے۔ یہ سب بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزیاں ہیں۔ ہم دنیا بھر کے ان فٹبال شائقین سے اپیل کرتے ہیں جو زندگی، انسانیت، عزت، آزادی، امن اور انصاف کی قدر کرتے ہیں کہ وہ جراتمند بنیں اور اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے اسرائیل کے جرائم کے خلاف اور فلسطین کے حق میں کھڑے ہوں۔ اگر فٹبال کی دنیا اسرائیل کو تنہا کرنے کے لیے متحد ہو گئی تو دیگر شعبے بھی لازمی طور پر اس کی پیروی کریں گے۔”

